حقائق کی جانچ کریں - غیر قانونی ہجرت سے متعلق سچ

خبریں

بڑھتی ہوئی تعداد میں تارکین وطن سمندر اور صحرا میں مر رہے ہیں
یو این ایچ سی آر نے بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کے اعداد و شمار پیش کر دیے
بحیرہ روم عبور کر کے یورپ جانے والے تارکین وطن کی تعداد میں کمی کے ساتھ ساتھ سفر پہلے سے زیادہ مہلک ہوتا جا رہا ہے۔ یہ حقیقت اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے نئے اعداد و شمار کے تجزیے سے سامنے آئی ہے۔
سنہ 2015 میں اپنے عروج کے بعد سے، جس میں دس لاکھ سے زیادہ پناہ گزین اور تارکین وطن بحیرہ روم عبور کر کے یورپ پہنچے تھے، سفر کرنے والوں کی تعداد میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ 2021 میں 123300 مرتبہ انفرادی طور پر سرحد عبور کی گئی۔ اس سے پہلے یہ تعداد 2020 میں 95800 ، 2019 میں 123700 اور 2018 میں 141500 تھی ۔
سرحد پار کرنے والوں کی تعداد کم ہونے کے باوجود ہلاکتوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ برس بحیرہ روم اور شمال مغربی بحر اوقیانوس میں سمندر میں 3231، 2020 میں 1881، 2019 میں 1510 اور 2018 میں 2277 سے زیادہ افراد ہلاک یا لاپتہ ہوئے تھے۔
صحرائے صحارا اور دور افتادہ سرحدی علاقوں سے گزرنے والے زمینی راستوں پر اس سے بھی زیادہ تعداد ہلاک یا لاپتہ ہو سکتی ہے۔ یو این ایچ سی آر کو اس بات پر تشویش ہے کہ زمینی راستوں کے ذریعے بھی ہلاکتیں اور زیادتیاں بڑے پیمانے پر ہوتی ہیں، جن میں زیادہ تر اریٹریا، صومالیہ، جبوتی، ایتھوپیا، سوڈان اور لیبیا شامل ہیں۔ غیر قانونی تارکین وطن کو اسمگلر اکثر صحرا میں بے یارو مددگار چھوڑ دیتے ہیں۔